عوام کے پیسوں سے سیر؟ ویڈیو وائرل، بلوچستان حکومت نے افسر کو برطرف کر دیا
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سرکاری گاڑی کے ناجائز استعمال پر مانگی ڈیم کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی کو سیر و تفریح کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، اور گاڑی میں موجود افراد لوگوں کو ویڈیو بنانے سے بھی روک رہے تھے۔ اس پر عوامی ردِعمل شدید تھا، اور سوشل میڈیا صارفین نے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان کی ہدایت پر فوری طور پر افسر کو برطرف کر دیا گیا ہے اور شفاف تحقیقات کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل کے غلط استعمال پر “زیرو ٹالرنس” پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر عوام نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا غریب عوام صرف ٹیکس دینے کے لیے ہیں اور حکمران طبقہ ان وسائل سے عیش کرے گا؟ ایک صارف نے کہا، “حکومت کو بتانا ہوگا کہ ٹیکس کی گاڑی پر سیر کرنے والے کون تھے؟”