بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری
پاکستان میٹ آفس نے پیشگوئی کی ہے کہ مغربی ہوا کے سلسلے کے باعث بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 7 سے 10 ستمبر تک شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے طوفانی ریلوں اور شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ قلات، ژوب، موسیٰ خیل، کوئٹہ، سبی، نصیرآباد، بولان، صحبت پور اور ڈیرہ بگٹی کے اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں بھی موسلادھار بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے 8 تا 10 ستمبر کے دوران دریائے سندھ اور اس کے معاون دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں تیزی کے خدشے کی نشاندہی بھی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کسانوں اور مسافروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارشوں کے پیش نظر اپنی منصوبہ بندی احتیاط کے ساتھ کریں۔