سامعہ حجاب کیس اہم پیشرفت سامنے آگئی
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا اور دھمکیوں کے کیس میں نامزد ملزم حسن زاہد کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کردی۔
کیس کی سماعت ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اظہر ندیم نے کی۔ ملزم کے وکیل نے عدالت میں ملزم اور مدعیہ کے درمیان مالی لین دین کی تفصیلات اور منگنی کی تصاویر پیش کیں، ساتھ ہی مدعیہ کے والدین کے بیانات کی ویڈیو بھی عدالت کے روبرو رکھی۔
وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ پولیس نے 2 روزہ ریمانڈ کے حکم کے باوجود 5 دن بعد ملزم کو عدالت میں پیش کیا۔ تاہم پولیس نے وضاحت دی کہ پچھلے حکم نامے میں ریمانڈ کی مدت کے حوالے سے ٹائپنگ کی غلطی تھی، جسے درست کرا لیا گیا تھا۔
پراسیکیوشن نے بتایا کہ ملزم سے 45 ہزار روپے برآمد ہوچکے ہیں، تاہم گاڑی، اسلحہ اور شریک ملزمان کی گرفتاری باقی ہے، اس لیے مزید 8 روزہ ریمانڈ دیا جائے۔
وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ حسن زاہد کو ایک مقدمے میں ضمانت کے بعد دوسرے کیس میں گرفتار کیا گیا۔ ان کے مطابق وقوعے کے وقت ملزم جناح سپر مارکیٹ میں موجود تھا، جبکہ سامعہ حجاب سے رقم واپسی پر جعلی رسیدیں دی گئیں۔