بڑھتی آبادی، بڑھے گا بحران؟ وزیراعظم نے فوری قومی پالیسی کی تیاری کا حکم دیدیا

بڑھتی آبادی، بڑھے گا بحران؟ وزیراعظم نے فوری قومی پالیسی کی تیاری کا حکم دیدیا

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے جڑے مسائل کے حل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آبادی کی رفتار، اس کے سماجی و معاشی اثرات اور متوازن پالیسی سازی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آبادی کے بڑھنے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے، جو ایک سنجیدہ چیلنج کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ:

بڑھتی ہوئی آبادی کو ملک کی ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔

ملک کی اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ہمارا بہترین قومی اثاثہ ہیں۔

نوجوانوں کو معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

خواتین بھی افرادی قوت کا اہم اور مضبوط ستون ہیں، جنہیں ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع دیے جانے چاہئیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آبادی میں اضافے اور اس کے مسائل سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع اور مؤثر قومی پالیسی تیار کی جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ آگاہی مہم بھی وقت کی ضرورت ہے تاکہ عوام میں شعور پیدا کیا جا سکے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو اس حوالے سے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔ بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے قومی سطح پر مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

وزیراعظم نے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی تاکہ مؤثر پالیسی اور حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر احسن اقبال، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عطا اللہ تارڑ، سردار محمد یوسف، اعظم نذیر تارڑ سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.