جنوبی وزیرستان میں پولیس وین کے قریب دھماکا، 3 افراد جاں بحق
جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا کے مصروف رستم بازار میں پولیس موبائل وین کو نشانہ بنا کر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ڈی ایس پی عمران اللہ کے مطابق دھماکہ پولیس وین کے بالکل قریب کیا گیا، جس سے گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کر دیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) طاہر شاہ کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔