اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے وراثتی معاملات میں شفافیت اور آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے جانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول کا طریقہ مزید آسان بنا دیا ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق اب درخواست گزار ملک بھر میں کسی بھی نادرا سہولت مرکز پر جانشینی سرٹیفکیٹ کی درخواست جمع کرا سکتے ہیں، قطع نظر اس کے کہ جائیداد کس صوبے میں موجود ہے۔ نادرا کے 186 سہولت مراکز تمام صوبوں کی درخواستیں وصول کریں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پہلے درخواست صرف اسی صوبے میں دی جا سکتی تھی جہاں متوفی کی جائیداد واقع ہوتی تھی، تاہم اب اس پرانی پابندی کو ختم کر دیا گیا ہے۔ نادرا ہیڈکوارٹرز نے تمام متعلقہ مراکز کو اس نئے طریقہ کار کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
بائیومیٹرک تصدیق کے لیے اب قانونی ورثاء نادرا کے کسی بھی مرکز پر جا سکتے ہیں یا پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے تصدیق کروا سکتے ہیں۔
ادھر نادرا نے اپنی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا اور جدید ورژن بھی لانچ کر دیا ہے جس میں مزید سہولیات کا اضافہ کیا گیا ہے، جن میں:
چہرے کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق
آئی ڈی کارڈ کی ٹریکنگ ,خاندان کے افراد کی تفصیل دیکھنے کے لیے بائیو میٹرک شرط ختم، نادرا سنٹر میں اپائنٹمنٹ کی سہولت ،بہتر یوزر انٹرفیس اور آسان نیویگیشن ،شہری اب اپنی شناخت، وراثت اور دیگر نادرا خدمات باآسانی، کم وقت میں اور گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں۔