ایبٹ آباد میں المناک حادثہ، 3 بچے جاں بحق، 4 شدید زخمی
ایبٹ آباد میں اسکول وین کو تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 3 معصوم طلبہ و طالبات جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹریفک پولیس کی غفلت اور ڈمپر ڈرائیور کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 طالبات اور ایک طالب علم شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 3 طالبات اور ایک طالب علم شامل ہیں۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈمپر ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس پر شہریوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا اور ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
حادثے کے بعد ایبٹ آباد شہر سمیت ملک بھر میں افسوس اور غم کی فضا قائم ہوگئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں کی جانوں کا ضیاع انتظامی غفلت اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کا نتیجہ ہے۔
اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔