اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (SMEs) کے فروغ، ادارے کی کارکردگی اور آئندہ کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور پائیدار ترقی کے لیے چھوٹی صنعتوں کا فروغ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ حکومت ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ روزگار کے مواقع بڑھیں اور معاشی استحکام حاصل ہو۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سالانہ 3 کروڑ روپے تک کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو “مائیکرو انٹرپرائزز” کا درجہ دے کر سمیڈا کے دائرہ کار میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد چھوٹے کاروباری اداروں کو باقاعدہ حکومتی معاونت فراہم کرنا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ خواتین کے لیے “ویمن انٹرپرینیورشپ پالیسی” کا مسودہ تیار ہو چکا ہے، جسے جلد وفاقی کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جبکہ سمیڈا جلد خواتین کے لیے ایک ڈیجیٹل پورٹل بھی متعارف کرانے جا رہا ہے۔
اجلاس میں سمیڈا کے کریڈٹ اسکورنگ ماڈل، برآمدات میں اضافے کی پالیسی اور سب کنٹریکٹنگ کے قانونی فریم ورک پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سمیڈا فی الحال وفاقی ادارہ شماریات کے تعاون سے معیشت کے 20 مختلف شعبوں کا جامع سروے بھی کرا رہا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احد چیمہ، مصدق ملک، شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، معاون خصوصی ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی نوشین افتخار، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز سمیت سمیڈا بورڈ کے ارکان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔