شہباز شریف کی بیجنگ میں چینی وزیراعظم سے ملاقات، سی پیک فیز ٹو اور متعدد معاہدوں پر اتفاق

شہباز شریف کی بیجنگ میں چینی وزیراعظم سے ملاقات، سی پیک فیز ٹو اور متعدد معاہدوں پر اتفاق

بیجنگ: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے چین کے سرکاری دورے کے دوران عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کی موجودہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سی پیک فیز ٹو، سائنس و ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور زراعت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے حوالے سے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم چین کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اصلاحاتی اقدامات کے مثبت نتائج میں چین کا کردار قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے چینی کیپٹل مارکیٹ میں جلد پانڈا بانڈز کے اجرا کے ارادے سے بھی آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کو اپ گریڈ کرنے اور پانچ نئے کوریڈورز پر مشترکہ کام پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر قراقرم ہائی وے، ریلوے لائن-1 کی بحالی اور گوادر پورٹ کی مکمل فعالیت پر بھی زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے بیجنگ میں جاری بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کا ذکر کیا جس میں 300 سے زائد پاکستانی اور 500 سے زیادہ چینی کمپنیاں شریک ہو رہی ہیں۔ انہوں نے زراعت، کان کنی، معدنیات، ٹیکسٹائل، آئی ٹی اور صنعتی شعبوں کو ترجیحی قرار دیتے ہوئے باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری پر زور دیا۔

ملاقات میں عالمی سطح پر صدر شی جن پنگ کے مختلف انیشیٹوز کی پاکستان کی جانب سے بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا اور اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ آئندہ سال پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منائی جائے گی۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.