پانی روکا تو جنگ ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف
باکو: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو دوٹوک خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی کو روکنے کی کسی بھی کوشش کو اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا، کیونکہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کی ضمانت ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے 17 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی اقدامات کا مقصد علاقائی امن کو سبوتاژ کرنا ہے، تاہم پاک فوج نے مثالی جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت سے ان اشتعال انگیزیوں کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
وزیراعظم نے غزہ کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں انسانیت دم توڑ چکی ہے، اسرائیلی حملے امدادی کارکنوں تک کو نہیں بخش رہے۔ پاکستان ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور دنیا میں جہاں کہیں بھی ظلم ہوگا، پاکستان اس کے خلاف آواز بلند کرے گا۔
شہباز شریف نے ماحولیاتی چیلنجز پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ ملک گلیشیئرز کے پگھلنے، شدید گرمی اور سیلاب جیسے خطرناک اثرات کا سامنا کر رہا ہے، تاہم حکومت نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط پالیسی تیار کرلی ہے۔