بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام، 30 دہشتگرد مارے گئے
شمالی وزیرستان – پاک فوج نے دشمن کے ایک اور ناپاک منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد گروہ “فتنہ الخوارج” کی دراندازی کی کوشش کو مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ یہ واقعہ یکم سے 3 جولائی 2025 کی شب پیش آیا، جب سیکیورٹی فورسز نے پاک-افغان سرحد کے قریب مشکوک نقل و حرکت کو بروقت شناخت کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں تمام 30 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ ان دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ گروہ پاکستان میں ایک بڑے حملے کا ارادہ رکھتا تھا۔
فوجی دستوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ممکنہ تباہ کن حملے کو قبل از وقت ناکام بنا کر علاقہ محفوظ بنا دیا۔
آئی ایس پی آر نے افغان عبوری حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگرد عناصر، خاص طور پر بھارتی حمایت یافتہ گروہوں، کے استعمال سے باز رکھے تاکہ خطے میں امن قائم رہ سکے۔
وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “30 دہشتگردوں کو ہلاک کر کے ہماری بہادر افواج نے ایک بڑے قومی سانحے کو ٹال دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان دشمن کے تمام مذموم عزائم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں، اور پوری قوم ان کی قربانیوں اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھنے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔