آزاد کشمیر: حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کامیاب

آزاد کشمیر: حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کامیاب

مظفرآباد میں حکومت پاکستان کی اعلیٰ سطحی کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور فریقین کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا اعلامیہ کچھ دیر میں جاری کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے ایک ٹویٹ میں تصدیق کی کہ آزاد کشمیر مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔

اس سے قبل حکومتی وزراء اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور دو گھنٹے جاری رہا جس کے بعد کمیٹی رہنماؤں نے دھیرکوٹ میں اپنے ساتھیوں سے مشاورت کے لیے وقت مانگا تھا۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تشکیل دی گئی حکومتی ٹیم اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کے درمیان دوسرا دور شروع ہوا۔

حکومتی ٹیم کے مطابق کشمیری عوام کے حقوق کی مکمل حمایت کی جاتی ہے اور بیشتر مطالبات، جو عوامی مفاد میں ہیں، پہلے ہی منظور کر لیے گئے ہیں۔ تاہم کچھ نکات آئینی ترامیم سے متعلق ہیں جن پر مزید بات چیت جاری ہے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں، مسائل صرف پُرامن مکالمے سے حل ہو سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت آزاد کشمیر میں امن چاہتی ہے کیونکہ دشمن ملک عدم استحکام سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے اور امید ہے مسائل باہمی افہام و تفہیم سے حل کر لیے جائیں گے۔

عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ذاتی طور پر اس مسئلے کو دیکھ رہے ہیں اور حکومت اپنے ساتھیوں کے جائز مطالبات میں ان کے ساتھ ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے پُرامن رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے مگر مظاہرین کو امن عامہ کو نقصان پہنچانے سے گریز کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے اور عوامی جذبات کا احترام یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔

مزید برآں وزیراعظم نے مظاہروں کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا حکم دیا اور متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچانے کی ہدایت جاری کی۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.