ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے اغوا کے پردے میں سابق منگیتر کا انکشاف
ٹک ٹاک اسٹار سامعہ حجاب نے سوشل میڈیا پر جاری افواہوں کے جواب میں اہم انکشاف کیا ہے کہ انہیں دھمکیاں دینے اور اغوا کی کوشش کرنے والا نوجوان ان کا سابق منگیتر تھا۔
سامعہ نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ گرفتار شخص حسن زاہد ان کا منگیتر تھا، لیکن حقیقت جاننے کے بعد انہوں نے اس سے اپنا رشتہ ختم کر دیا۔ یہ اعتراف اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر حسن زاہد سے ملاقات اور تحائف وصول کرنے کی ویڈیوز وائرل ہوئیں، جس پر صارفین نے سامعہ پر توجہ حاصل کرنے کے الزامات لگائے۔
ویڈیو میں سامعہ نے کہا کہ “اگر میرا بھی قتل میری دوست ثنا یوسف کی طرح ہوتا تو لوگ ہمدردی ظاہر کرتے، لیکن چونکہ میں زندہ ہوں، الزامات لگائے جا رہے ہیں۔” انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی عورت کے ساتھ، چاہے وہ مرد کے نکاح میں ہو، زبردستی، تشدد یا اغوا کرنے کی اجازت نہیں ہے، اور ان کا حسن زاہد سے رشتہ ختم ہو چکا ہے۔
سامعہ نے مزید بتایا کہ منگنی ختم ہونے کے باوجود حسن زاہد نے ان کا فون چھینا، انہیں گھسیٹا، تشدد کیا اور اغوا کی کوشش بھی کی۔ وہ شدید ذہنی دباؤ سے گزر رہی ہیں اور لوگوں سے درخواست کی کہ حقیقت جانے بغیر رائے قائم نہ کریں۔ سامعہ نے آخر میں کہا کہ اب انہیں انصاف کی امید ہے۔