ایران اور پاکستان کا 10 ارب ڈالر سالانہ تجارتی ہدف، کئی ایم او یوز پر دستخط

ایران اور پاکستان کا 10 ارب ڈالر سالانہ تجارتی ہدف، کئی ایم او یوز پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان اور ایران نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور دوطرفہ اعتماد کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ سالانہ 10 ارب ڈالر کی تجارت کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقتصادی شراکت داری، توانائی، سرحدی تعاون اور عوامی روابط کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے اسرائیل پر حالیہ حملے کے تناظر میں پاکستان کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کرتا ہے اور پاکستانی عوام نے اسرائیلی جارحیت کی کھلے الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کا اعلان کیا گیا، جنہیں جلد مکمل معاہدوں کی صورت دیے جانے کی امید ظاہر کی گئی۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی، توانائی، زراعت، لاجسٹکس اور آئی ٹی جیسے شعبوں میں عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

قبل ازیں، وزیر تجارت جام کمال اور ایرانی وزیر محمد آتابک کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تجارت کو 8 ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اس ضمن میں مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس تیز کرنے، بی ٹو بی اجلاسوں کا سلسلہ شروع کرنے، اور دونوں ممالک کے تاجروں کو قریب لانے پر اتفاق ہوا۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ “اب وقت آ گیا ہے کہ جغرافیائی قربت کو اقتصادی مواقع میں بدلا جائے۔ تجارت صرف کاروبار نہیں بلکہ عوامی تعلقات کا مظہر ہے۔”

ایرانی وزیر محمد آتابک نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون نہ صرف معیشت بلکہ خطے کے استحکام کے لیے بھی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تاجر ایک دوسرے پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور اس اعتماد کو مزید مضبوط روابط میں ڈھالنا وقت کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں سرحدی تعاون کو بڑھانے، عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے، اور ثقافتی و سماجی روابط کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کا دورہ باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی امید کا پیغام دے رہا ہے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.