ایرانی صدر کی وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات، معاہدے، تعاون اور ظہرانہ زیرِ غور
اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ہفتے کے روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، توانائی، تجارت اور دیگر شعبوں میں اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا امکان ہے۔ وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم نے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، اور چاق و چوبند دستے نے مہمان صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
صدر پزشکیان نے وزیراعظم ہاؤس میں یادگاری پودا بھی لگایا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جبکہ دورے کے دوران ایرانی صدر کی آج چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔
قبل ازیں صدر مسعود پزشکیان نے لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے غیر رسمی ملاقات بھی کی۔
ایرانی صدر کی آج شام صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات شیڈول ہے، جس کے دوران عشائیہ دیے جانے کا امکان ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں کا مقصد پاک ایران تعلقات کو وسعت دینا اور خطے میں اقتصادی و توانائی تعاون کو نئی جہت فراہم کرنا ہے۔