این ڈی ایم اے کا ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا الرٹ
اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں 5 سے 7 اکتوبر کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ دریائے جہلم، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ممکنہ بارشوں کے باعث دریائے سوات، پنجکوڑا اور درکابل کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، ڈیرہ، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم اور مانسہرہ کے علاوہ مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔ ٹورغر روڈ، بٹگرام روڈ، شانگلہ روڈ، لوئر کوہستان روڈ، تتہ پانی روڈ، گلگت روڈ، ہنزہ روڈ اور اسکردو جگلوٹ روڈ سمیت متعدد مقامات متاثر ہو سکتے ہیں۔
اتھارٹی نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور عوام کو ریڈیو، ٹی وی اور “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” سے بروقت معلومات حاصل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔