پاک فوج کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 5 جوان شہید

پاک فوج کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو میجر سمیت پانچ جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 10 بجے گلگت بلتستان کے علاقے ہُڈور گاؤں کے قریب پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر تھک داس کینٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوا۔ بدقسمتی سے ہیلی کاپٹر میں موجود تمام اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شہداء میں پائلٹ ان کمانڈ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر شامل ہیں۔ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں معمول کا حصہ ہیں، جو دفاعی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی اور بحالی کے مشنز کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔ فوجی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی دفاع اور عوامی خدمت کے ہر پہلو میں بھرپور تیاری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ میجر عاطف، میجر فیصل، نائب صوبیدار مقبول، حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر نے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے یہ جوان ملک و قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.