خالی آسامیوں پر شفاف بھرتیاں تین ماہ میں مکمل کی جائیں، شکیل قادر خان
کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں عوامی سروس ڈیلیوری، خالی آسامیوں پر بھرتیاں، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں، غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں، فیلڈ وزٹس اور مؤثر عوامی رابطے کو ترجیح دی جائے تاکہ سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے خالی آسامیوں پر شفاف انداز میں بھرتیوں کا عمل تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام تقرریاں میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق کی جائیں تاکہ عوام کو بروقت سہولیات میسر ہوں۔
چیف سیکرٹری نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر سخت نظر رکھنے، مارکیٹ مانیٹرنگ کو مؤثر بنانے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی ترجیح ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
غیر قانونی تارکین وطن بالخصوص پی او آر کارڈ ہولڈرز کی واپسی کے عمل میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 میں اب تک 3062 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ان منصوبوں کو عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔
چیف سیکرٹری نے عارضی طور پر تعینات اساتذہ کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی اور متعلقہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسران کے خلاف کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے۔