یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید آج پاکستان پہنچیں گے
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
اس دورے کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی سمیت علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
معزز مہمان کے استقبال کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شہر کو پاکستانی اور اماراتی پرچموں، پھولوں اور رنگین قمقموں سے سجایا گیا ہے۔
صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا جبکہ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 جنگی طیارے فضائی سلامی پیش کریں گے۔ اہم شاہراہوں، سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات کو خصوصی آرائش دی گئی ہے۔
دورے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت محدود رہے گی جبکہ پاکستان سیکریٹریٹ اور بعض عدالتوں میں آج تعطیل ہوگی۔ تاہم بینک، سی ڈی اے، پولیس، آئیسکو اور گیس دفاتر معمول کے مطابق کام کریں گے۔