گڈانی شپ یارڈ گرین ری سائیکلنگ ماڈل بنے گا، وفاقی وزیر بحری امور
وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی صدارت میں گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری پر اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گڈانی یارڈ کو ماحول دوست بنانے، گرین ری سائیکلنگ ماڈل کے قیام اور ہانگ کانگ کنونشن پر عملدرآمد کو اولین ترجیح دینے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کو گرین ری سائیکلنگ ماڈل بنایا جائے گا اور ہانگ کانگ کنونشن کمپلائنس کے تحت پہلا گرین یارڈ سرٹیفکیٹ ایک ہفتے میں جاری کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ وقت کی اہم ضرورت ہے اور گڈانی یارڈ کو جدید اور ماحول دوست بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یارڈ کے 11 پلاٹس ماحول دوست آپریشنز کے لیے تیار ہیں اور مزید 20 یارڈ جون تک فعال ہو جائیں گے۔ گڈانی میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ سرکلر اکانومی کو فروغ دیا جا سکے اور مزدوروں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس فار گرین پورٹس و شپنگ کے قیام پر بھی بات کی گئی تاکہ مستقبل میں گرین شپنگ اور ماحول دوست ری سائیکلنگ کے معیار کو مضبوط بنایا جا سکے۔