کشمیر بھارت کا نہیں، دہشت گردی بند کرو، پاکستان کا دو ٹوک جواب

0 4

اقوام متحدہ میں پاکستان نے بھارت کو سخت اور واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ ہی ہو سکتا ہے۔ پاکستان نے بھارتی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یکطرفہ دعووں سے عالمی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارتی نمائندے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی قونصلر گل قیصر سروانی نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی تنازع ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خود دہشت گردی کی سرپرستی میں ملوث ہے اور پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات اس کی غیر ذمہ دارانہ اور روگ اسٹیٹ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ سلامتی کونسل کو آگاہ کیا گیا کہ بھارت کی پشت پناہی سے سرگرم دہشت گرد تنظیمیں، جن میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) شامل ہیں، پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہی ہیں۔

پاکستانی قونصلر نے کہا کہ بھارت کی مسلسل جارحیت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کا عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔

سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی بیانات پر بات کرتے ہوئے گل قیصر سروانی نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر حقائق کو مسخ کر رہا ہے، جبکہ اس معاہدے میں کسی بھی شق کی یکطرفہ معطلی یا ترمیم کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا سنجیدگی سے جائزہ لے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.