کسان حکومت کی اولین ترجیح، زرعی برآمدات بڑھانے کا لائحہ عمل تیار کریں،وزیراعظم

0 3

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کسانوں کی خوشحالی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی اصلاحات اور کسانوں کو جدید عالمی معیارات سے متعارف کرانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت نجی شعبے کے ماہرین پر مبنی ورکنگ گروپ کے اجلاس میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر زراعت کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جس میں فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے معیاری بیج، بروقت کھاد اور فصلوں کی بیماریوں کے علاج کی ادویات کی فراہمی شامل ہے۔

شہباز شریف نے زرعی اجناس کی پراسیسنگ اور برآمدات کے لیے پالیسی اقدامات کے نفاذ، ماہی گیری اور پھلوں کی برآمدات میں اضافے اور ساحلی پٹی پر پام آئل کی پیداوار کے فروغ کے لیے جامع منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حال ہی میں چین میں ایک ہزار پاکستانی طلبہ و طالبات کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کی تربیت کے لیے بھیجا گیا ہے، جبکہ ملک میں موجود وسائل کے تحت تحقیق پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس میں ورکنگ گروپ کی ٹیم نے ملکی زرعی شعبے کے مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں ربیع و خریف کی فصلوں، پھلوں، گلہ بانی، ڈیری اور زرعی اجناس کی پراسیسنگ کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور عالمی سطح پر تقابلی جائزہ شامل تھا۔ وزیرِ اعظم نے ورکنگ گروپ کی بریفنگ کو سراہا اور مؤثر، قابل عمل اور جامع روڈ میپ تیار کر کے حکومتی اصلاحات میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.