کرک: پولیس موبائل پر فائرنگ، 5 اہلکار شہید
کرک کے علاقے گرگری دامی بانڈہ میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد پولیس موبائل میں آگ بھڑک اٹھی جس سے نقصان میں اضافہ ہوا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے فوری بعد بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ شہید اہلکاروں میں شاہد اقبال، صفدر، عارف اور محمد ابرار شامل ہیں۔
ڈی پی او کرک سعود نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پولیس موبائل پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے اور پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ریاست پوری قوت سے جواب دے گی۔ گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی واقعے پر افسوس اور مذمت کا اظہار کیا۔