ژوب: افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام، 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک
ژوب: افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام، 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک
ژوب (آئی ایس پی آر + نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب ضلع ژوب کے علاقے سمبازه میں بھارتی پراکسی گروہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 33 خوارج مارے گئے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
وزیراعظم کا خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے ژوب میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی دراندازی کو جان پر کھیل کر ناکام بنانے پر قوم کو اپنی فورسز پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد اور پرعزم ہے، اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔