پی ایس ایل کی تاریخ میں نیا ریکارڈ، ساتویں ٹیم 175 کروڑ میں فروخت
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی توسیع کے سلسلے میں دو نئی فرنچائزز کی نیلامی کا عمل اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں جاری ہے، جہاں ساتویں ٹیم ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں خرید کر پی ایس ایل کی تاریخ میں نئی مثال قائم کر دی۔
نیلامی میں ابتدا میں دس گروپس شریک تھے تاہم علی ترین گروپ نے عین وقت پر دستبرداری اختیار کرلی، جس کے بعد نو گروپس بولی میں شامل رہے۔ ساتویں فرنچائز کے لیے ابتدائی قیمت ایک ارب 10 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔ آئی ٹو سی گروپ نے ایک ارب 55 کروڑ روپے کی بولی دی جبکہ پرزم گروپ نے مزید بولی بڑھانے سے معذرت کرلی۔
ایف کے ایس گروپ نے بولی میں مسلسل اضافہ کرتے ہوئے رقم ایک ارب 75 کروڑ روپے تک پہنچا دی، جس کے بعد نیلامی اپنے نام کرلی۔ بعدازاں ایف کے ایس گروپ نے اعلان کیا کہ نئی پی ایس ایل ٹیم کا نام حیدرآباد رکھا جائے گا۔
تقریب کے آغاز پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو 9 کروڑ روپے جبکہ ہانگ کانگ سکسز جیتنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ روپے انعامی رقم دی۔ کامیاب بولی دینے والے گروپس کو مختلف شہروں کے نام منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔