پاکستان سب کا مشترکہ ہے، مذہبی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ،شہباز شریف
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کرسمس کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سب کا مشترکہ وطن ہے، تمام شہریوں کو برابر کے حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہیں، اور کسی کو مذہب کے نام پر من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شہری پر زیادتی پر قانون فوراً حرکت میں آئے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے انسانیت کو ظلم و جبر سے نجات دلائی، محبت، امن اور احترام کا پیغام عام کیا، اور آج دنیا کو اس پیغام پر عمل کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور ان کا تاریخی کردار طب، دفاع وطن، عدلیہ، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں نمایاں ہے۔ انہوں نے پاکستان کی افواج کی بہادری کا ذکر کرتے ہوئے مئی میں بھارت کے حملے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو شکست دینے کی یاد تازہ کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کی مذہبی آزادی پر زور دیا اور یہ ہمارے آئین کا حصہ ہے۔ مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف نے ہمیشہ اقلیتوں کو احترام اور عزت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کی مکمل آزادی حاصل ہے اور ترقی و خوشحالی کے سفر پر سب نے شانہ بشانہ آگے بڑھنا ہے۔
تقریب کے اختتام پر وزیر اعظم نے مسیحی رہنماؤں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو نیک خواہشات پیش کیں۔ وزیر مملکت برائے بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی اور رکن قومی اسمبلی نیلسن عظیم نے بھی اقلیتوں کے حقوق اور تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔