پاکستان اور چین دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی تعاون مزید مضبوط کرنے پر متفق
بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی مشترکہ صدارت میں ساتویں پاک–چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ ہوا، جس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات، دفاعی و سکیورٹی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے شعبے مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان نے ون چائنا پالیسی کے تحت چین کے تمام علاقوں میں حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ چین نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ دونوں ممالک نے پاک–چین تعلقات کو نسل در نسل منتقل کرنے، نئے تعاون کے شعبے تلاش کرنے اور 2026 میں سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
اعلامیے میں سی پیک 2، زراعت، معدنیات، گوادر پورٹ اور خلائی تعاون میں پیشرفت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پاک–چین تعلقات کو آہنی برادرانہ اور آل ویدر اسٹریٹجک تعلقات کے طور پر توثیق دی گئی۔