ٹیکنالوجی نے دنیا بدل دی، جامعات کو ہم آہنگ ہونا ہوگی، احسن اقبال

0 5

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے نیشنل لیڈرشپ ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی نے ایک نیا انقلاب برپا کر دیا ہے، جس کے تناظر میں پاکستان کی جامعات کو نئی معیشت کے تقاضوں کے مطابق خود کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ’’اڑان پاکستان‘‘ وژن کا بنیادی مقصد یونیورسٹیوں کو ٹیلنٹ اور جدت کی فیکٹریوں میں تبدیل کرنا ہے تاکہ اعلیٰ تعلیم براہِ راست قومی ترقی میں کردار ادا کر سکے۔ جامعات کو محض کتابی تحقیق تک محدود رہنے کے بجائے ایسی تحقیق کو فروغ دینا ہوگا جو معیشت، صنعت، زراعت اور ٹیکنالوجی کے عملی مسائل کا حل فراہم کرے۔

احسن اقبال نے کہا کہ یونیورسٹی ریسرچ کو اسٹارٹ اپس اور کمرشل مصنوعات میں بدلنے کے نظام کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وژن 2010 اور وژن 2025 کے تحت اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے ہزاروں پی ایچ ڈیز تیار کی گئیں اور ملک بھر میں جامعات کا وسیع نیٹ ورک قائم کیا گیا، تاہم اب ترجیح یہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم کو معیشت کے ساتھ جوڑا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ کیمبرج یونیورسٹی کے ساتھ اعلیٰ تعلیم میں انوویشن اور اسٹارٹ اپ نظام کے فروغ کے لیے معاہدہ کیا گیا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک کی جامعات علم و تحقیق کے ذریعے نئے آئیڈیاز کی تخلیق کا مرکز ہوتی ہیں، اور پاکستان کو بھی اپنی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن اور برانڈنگ کے ذریعے برآمدات بڑھانی ہوں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو محض نصابی سرگرمیوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں قومی اور اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے سات نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد جاری ہے۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.