وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کراچی پہنچ گئے، جہاں کراچی ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ استقبال کے موقع پر سعید غنی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے کراچی پہنچنے پر ایئرپورٹ اور اطراف کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی، جبکہ بڑی تعداد میں موجود پارٹی کارکنوں نے بھی ایئرپورٹ جانے کی کوشش کی۔
دورۂ کراچی کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پنجاب کا بھی دورہ کیا تھا، جہاں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کے دورے کے موقع پر سڑکیں بند کروا دی تھیں۔