عارف حبیب گروپ نے پی آئی اے خرید لی
قومی ایئرلائن کی نجکاری کا عمل مکمل ہو گیا ہے، جس میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی دے کر پی آئی اے خرید لی۔
نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں بولی کے آخری مرحلے کے دوران عارف حبیب کنسورشیم نے اپنی پیشکش 121 ارب روپے سے بڑھا کر 135 ارب روپے کر دی، جس کے بعد اسے کامیاب قرار دیا گیا۔
دوسری جانب لکی کنسورشیم نے 134 ارب روپے کی بولی دی، تاہم ایک ارب روپے کم ہونے کے باعث وہ کامیاب نہ ہو سکا۔
نجکاری کمیشن کے مطابق اس مرحلے میں ایئر بلیو گروپ، لکی سیمنٹ کنسورشیم اور عارف حبیب کنسورشیم نے حصہ لیا۔ بولیوں کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا۔
حکام کے مطابق حکومت نے پی آئی اے کے 75 فیصد حصص فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ باقی 25 فیصد حصص کی خریداری کیلئے کامیاب بولی دہندہ کو 90 دن کی مہلت دی جائے گی۔
حکومت پہلے ہی پی آئی اے کے 654 ارب روپے کے واجبات اپنے ذمے لے چکی ہے، جس کے باعث نجکاری کا عمل سرمایہ کاروں کیلئے زیادہ پُرکشش بن گیا۔
نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ حاصل ہونے والی رقم کا 92.5 فیصد پی آئی اے میں سرمایہ کاری کیلئے استعمال ہوگا، جبکہ 7.5 فیصد حکومت کو منتقل کیا جائے گا۔
کامیاب سرمایہ کار کو آئندہ پانچ سالوں میں کم از کم 80 ارب روپے کی مزید سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ ملازمین کو ایک سال تک ملازمت کا تحفظ حاصل ہوگا جبکہ پنشن اور ریٹائرمنٹ مراعات ہولڈنگ کمپنی کے ذمے ہوں گی۔
وزیر خزانہ نے شفاف بولی کے عمل پر نجکاری کمیشن اور اس کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی جیتا، دراصل پاکستان جیتا ہے، اور کامیاب سرمایہ کار پی آئی اے کو جدید اور مستحکم ایئرلائن بنائے گا۔