قلات: نیمرغ کراس کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی
قلات: نیمرغ کراس کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی
قلات (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے ضلع قلات میں نیمرغ کراس کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک مسافر کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے کوئٹہ جا رہی تھی، جس میں کل 22 افراد سوار تھے۔ تمام مسافر کوئٹہ میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے 3 لاشیں اور 5 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق کوچ کو براہِ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلات میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات کے قریب مسافر بس پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ و حملے کی مذمت اور واقعے میں 3 مسافروں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمی مسافروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا بے گناہ اور معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا کر امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بربریت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی وحشیانہ عمل ہے، یہ دہشتگرد پاک سرزمین کے لیے ناسورہیں جن کا خاتمہ بہت ضروری ہوگیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور جاں بحق افراد کی مغفرت و لواحقین کے صبر کیلیے دعا کی۔
مزید تحقیقات جاری ہیں، اور واقعے کی ابتدائی رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے۔