سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، 2 اہم کمانڈرز سمیت 8 دہشت گرد ہلاک
پشاور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 2 اہم کمانڈرز سمیت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق پشاور اور خیبر میں ٹارگٹڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 6 خطرناک دہشت گرد مارے گئے۔ پشاور میں خفیہ اطلاع پر قبرستان کے قریب کارروائی کی گئی، جہاں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ جمرود میں پولیس پر حملے کی منصوبہ بندی بروقت کارروائی سے ناکام بناتے ہوئے مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
بنوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران سہیل عرف سنگری اور اسماعیل عرف عثمان مارے گئے، جو تنظیم کے اہم کمانڈرز تھے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق یہ دہشت گرد پولیس چیک پوسٹس اور ریسکیو 1122 کی عمارت پر آئی ای ڈی حملوں میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، شناختی کارڈز اور ٹی ٹی پی کا کارڈ برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی کے ان ٹارگٹڈ آپریشنز کے نتیجے میں بڑے دہشت گردی منصوبے ناکام بنا دیے گئے ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔