سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام

0 4

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران مملکت کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس عطا کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون، عسکری شراکت داری، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور بدلتے ہوئے جغرافیائی چیلنجز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی ایک بار پھر توثیق کی گئی۔ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے خصوصی فرمان کے تحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو یہ اعلیٰ ترین اعزاز ان کی نمایاں عسکری خدمات، پیشہ ورانہ قیادت اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔

سعودی قیادت نے انسدادِ دہشت گردی، سلامتی تعاون اور دفاعی شعبے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس اعزاز پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط، دیرپا اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے، اور پاکستان مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.