ریاستی اداروں کی نجکاری معاشی اصلاحات کا لازمی حصہ ہے، وزیراعظم
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کے معاشی اصلاحاتی ویژن کا بنیادی حصہ ہے اور اس عمل کے ذریعے قومی معیشت کو مستحکم بنانے کا عزم رکھا گیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی نجکاری کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کیا تھا، اور پی آئی اے کی نجکاری اس سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر معاشی استحکام کی جانب لے جایا گیا ہے۔
وزیراعظم نے حالیہ دنوں میں صدر متحدہ عرب امارات سے ملاقات اور سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطے کو دونوں ممالک کے ساتھ معاشی اور اسٹریٹیجک تعلقات کے فروغ کے لیے مثبت قرار دیا۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے سی سی ایل سی اور ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس سے متعلق لیوی میں صارفین کو ریلیف دینے کی منظوری بھی دی، جبکہ تھرڈ پارٹی کو گیس فروخت کرنے کے لیے صدارتی حکم نامہ جاری کرنے کی اجازت دے دی گئی۔