جناح کمپلیکس میں عالمی معیار کی سہولیات دی جائینگی،شہباز شریف
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں جناح میڈیکل کمپلیکس اور ریسرچ سینٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں چینی کمپنی Hongkong-AOHUA کی جانب سے تیار کردہ اسپتال کا کنسیپٹ ڈیزائن پیش کیا گیا۔
ہانگ کانگ-آوہوا کمپنی، جس کا اسپتال ڈیزائننگ میں گزشتہ 30 سال کا تجربہ ہے اور 1,000 سے زائد اسپتالوں کے ڈیزائن تیار کر چکی ہے، نے یہ عالمی معیار کا ڈیزائن پاکستان کے لیے بغیر کسی معاوضے کے بنایا۔ وزیرِ اعظم نے کمپنی کے تمام اہلکاروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اسے پاک-چین دوستی کی مضبوط مثال قرار دیا۔
اجلاس میں ڈیزائن کے تکنیکی پہلوؤں، ڈیجیٹائزیشن، مصنوعی ذہانت کے اطلاق، اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی منصوبہ بندی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے شمسی توانائی، قدرتی روشنی، پانی کی بچت، ریسائکلنگ، ماحولیات کے تحفظ، اور اسلام آباد کے دیگر اسپتالوں کے نظام سے ڈیجیٹل انضمام کے اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے تمام اقدامات معینہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور اسے عالمی معیار کے مطابق ٹرشری کیئر اسپتال بنایا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت برائے صحت مختار احمد بھرتھ، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر مشرف زیدی، چیئرمین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر، چینی کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر لیو ژانپئی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔