تنگا واٹر سپلائی اسکیم ضلع کوہلو کا اہم میگا منصوبہ ہے، کرنل فاروق اشرف
میوند بریگیڈ اور ضلعی انتظامیہ نے بی آئی ایس ڈی کے تحت منظور شدہ تنگا واٹر سپلائی منصوبے کا مشترکہ دورہ کیا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے دس کروڑ روپے کی لاگت سے جاری منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نیاز بلوچ نے منصوبے کے مختلف تکنیکی اور انتظامی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ افسران نے اسکیم کی مجموعی پیش رفت، تکنیکی معیار اور تکمیلی مراحل کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر عظیم جان دومڑ نے کہا کہ تنگا واٹر سپلائی اسکیم ضلع کوہلو کے لیے ایک اہم اور میگا نوعیت کا منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے شہری علاقوں میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت اور ریاستی اداروں کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
دورے کے دوران وڈیرہ ربنواز ژنگ نے یقین دہانی کرائی کہ اس عوامی مفاد کے منصوبے کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے جلد مکمل کیا جائے گا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل طحہ علی خان، ایکسین نیاز بلوچ، ایس ڈی او غلام باری، انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران و معززین بھی موجود تھے۔