بنوں میں فائرنگ: اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افراد شہید
بنوں میں میران شاہ روڈ پر فائرنگ کے ایک سنگین واقعے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان، دو پولیس اہلکاروں اور ایک شہری سمیت چار افراد شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد نے فلور ملز کے قریب اسسٹنٹ کمشنر کی سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود تمام افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حملہ آور فائرنگ کے بعد زخمی اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے اور جاتے ہوئے سرکاری گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ دہشت گردی قرار دیا۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ایسے حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ مزید مضبوط عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔