بلوچستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے،سیدال خان ناصر

0 6

بلوچستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے،سیدال خان ناصر

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سیدال خان سے بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین، زعماء اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندہ وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی ترقی، عوامی فلاح و بہبود، امن و امان کی صورتحال، اور وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں حکومتِ پاکستان صوبے کے پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع، اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے تاکہ عوام کی زندگیوں میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ گوادر پورٹ کی فعالیت، شاہراہوں کے جال، توانائی منصوبوں، معدنی وسائل کے مؤثر استعمال اور صنعتی زونز کی تعمیر کے ذریعے صوبے کے روشن اور مستحکم مستقبل کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔

سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن، باہمت اور باصلاحیت ہیں، جنہوں نے ہمیشہ ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور شفاف حکمتِ عملی کے ذریعے صوبے میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں، جن کی تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ قومی ترقی کے عمل میں بھرپور شمولیت اختیار کر سکیں۔

وفد میں شامل عمائدین اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں نے وفاقی حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور بلوچستان کے لیے ترجیحی پالیسیوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پہلی مرتبہ بلوچستان کے عوام کے حقیقی مسائل کو زمینی حقائق کے مطابق حل کرنے کی عملی کوشش کی ہے۔

انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی بلوچستان کے مفاد میں جاری کاوشوں، عوامی نمائندگی اور مؤثر کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اختتام پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بلوچستان کے عوام کی آواز کو ایوانِ بالا تک پہنچاتے رہیں گے اور ترقی و خوشحالی کے سفر کو ہر حال میں جاری رکھیں گے، تاکہ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی بنیاد مزید مضبوط بنائی جا سکے۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.