برزل ٹاپ کے قریب برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے 3 اہلکار شہید
برزل ٹاپ کے قریب گلتری موڑ سے قبل برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں پاک فوج کے تین افراد شہید ہو گئے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے اہلکار برزل ٹاپ سے گلتری موڑ کی جانب برف ہٹانے اور راستہ بحال کرنے کے لیے پیش قدمی کر رہے تھے کہ شدید برف میں ایک اسنو وہیکل پھنس گئی۔
وہیکل کو نکالنے کی کارروائی کے دوران 3 جنوری 2026 کو رات تقریباً 2 بجے اچانک برفانی تودہ گر گیا، جس کی زد میں آ کر ٹیم کے ارکان دب گئے۔ واقعے میں درج ذیل افراد شہید ہوئے:
کیپٹن اسمد (جی ایس او تھری)
سپاہی محمد رضوان
عیسیٰ خان (آپریٹر سی اینڈ ڈبلیو استور)

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) استور کی ہدایت پر ریسکیو 1122 استور کی ٹیمیں ایمبولینس اور مردہ خانے کی گاڑیوں کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور پاک فوج کے ساتھ مشترکہ ریسکیو کارروائی میں حصہ لیا۔
ڈی ڈی ایم اے استور حکام کے مطابق پاک فوج سے مسلسل رابطہ قائم ہے اور مزید امدادی اقدامات کی ضرورت پڑنے پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔