برآمدات پر مبنی ترقی ہمارا ہدف ہے، عملی اقدامات جاری ہیں ، وزیرِ اعظم
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات میں اضافے اور مضبوط معاشی بنیادوں پر مبنی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، حکومت انہیں مکمل احترام اور سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیرِ اعظم کی زیر صدارت نجی شعبے کے ماہرین اور کاروباری شخصیات پر مشتمل ٹیکس اصلاحاتی ورکنگ گروپ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں ٹیکس نظام کی بہتری، کاروباری ماحول کو مسابقتی بنانے اور برآمدات بڑھانے سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ طویل مدتی اصلاحات کے ذریعے کاروبار کو آسان، شفاف اور مضبوط بنایا جائے گا، کیونکہ کاروبار مضبوط ہوگا تو ٹیکس آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت روزِ اول سے ایکسپورٹس پر مبنی معاشی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔
نجی شعبے کے ماہرین نے اجلاس میں ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج ختم کرنے کے فیصلے پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کے دوران کارپوریٹ شعبے اور مختلف سیکٹرز میں ٹیکس شرح کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے ورکنگ گروپس کی جانب سے پیش کی گئی جامع تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان سفارشات کو قابلِ عمل بنانے کے لیے وزیرِ خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جا رہی ہے، جو فوری اور عملی لائحہ عمل تیار کرے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیروں، اعلیٰ حکام اور ورکنگ گروپ کے چیئرمین سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔