بالائی علاقوں میں بارش و برفباری، شدید سردی، رابطہ سڑکیں بند

0 4

خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث موسم شدید سرد ہو گیا جبکہ متعدد رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک جانے کے سبب بند ہو گئیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

پشاور اور گردونواح میں بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا اور درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جبکہ مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ دیر لوئر اور دیر اپر میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈگوائی، لواری ٹنل اور ملحقہ علاقوں میں ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

ایبٹ آباد اور گردونواح میں ہلکی بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی، جبکہ نتھیا گلی، ایوبیہ، ڈونگا گلی اور گلیات میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی جی گلیات کے مطابق آج سے نتھیا گلی، گلیات اور ٹھنڈیانی میں برفباری کے نئے اسپیل کا امکان ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

وادی کاغان کے بالائی علاقوں ناران، بابوسر ٹاپ اور جھیل سیف الملوک میں برفباری جاری ہے، ناران میں 6 انچ جبکہ بابوسر اور جھیل سیف الملوک پر ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ بالاکوٹ اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار مگر سرد ہو گیا ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے بالائی علاقے یاسین میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری شروع ہو گئی، جس کے باعث رابطہ سڑکیں بند اور عوام کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سسٹم کمزور پڑنے کے بعد موسم دوبارہ خشک ہو گیا ہے، تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق 27 سے 31 دسمبر کے دوران پنجاب اور لاہور میں دوبارہ بارش کا امکان ہے۔ دھند کے باعث موٹرویز مختلف مقامات سے بند کر دی گئیں۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2، زیارت اور قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.