ایف بی آر کی کارکردگی پر سوال، 6 ماہ میں 321 ارب کا ریونیو شارٹ فال

0 4

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) اور دسمبر 2025 کے ماہانہ ٹیکس وصولی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، جس کے باعث ریونیو میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق دسمبر 2025 میں ایف بی آر کو تقریباً 21 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ماہ عبوری خالص ٹیکس وصولیاں 1425 ارب روپے رہیں، جبکہ مقررہ ہدف 1446 ارب روپے تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں ایف بی آر کی مجموعی عبوری خالص ٹیکس وصولیاں 6169 ارب روپے رہیں، جو مقررہ ہدف 6490 ارب روپے سے 321 ارب روپے کم ہیں۔ پہلے پانچ ماہ میں یہ شارٹ فال 315 ارب روپے تھا، جو دسمبر کے بعد مزید بڑھ گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر کے حتمی اعداد و شمار کے بعد شارٹ فال میں معمولی کمی ممکن ہے، تاہم مجموعی صورتحال تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔

پہلی ششماہی میں نمایاں کمی کے باعث ایف بی آر کے لیے رواں مالی سال کا 13.9 ٹریلین روپے کا نظرثانی شدہ ٹیکس ہدف حاصل کرنا ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے آئی ایم ایف سے مشاورت کے بعد ٹیکس ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے سے کم کر کے 13.9 ٹریلین روپے مقرر کیا تھا۔

ایف بی آر حکام کے مطابق رواں مالی سال میں صرف جولائی 2025 وہ واحد مہینہ رہا جس میں ٹیکس وصولیاں ہدف سے زیادہ رہیں۔ جولائی میں 748 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 757 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا، جبکہ اگست سے دسمبر تک ہر ماہ اہداف پورے نہ ہو سکے۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.