ایران آزادی کی طرف بڑھ رہا ہے، امریکا مظاہرین کی مدد کیلئے تیار ہے، صدر ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران میں جاری مظاہروں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر ایرانی مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران آزادی کی طرف بڑھ رہا ہے، اور ایسی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کئی برسوں سے حکومتی ظلم و ستم کا شکار ہیں اور اب اس کا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا کی مداخلت کا مطلب ایران میں فوج اتارنا نہیں ہوگا، لیکن مظاہرین کے قتل کی صورت میں اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے بعض شہروں میں مظاہرین نے کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور حکومتی رِٹ کمزور ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
دوسری جانب ایران میں حکومت مخالف مظاہرے تیرہویں روز میں داخل ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پرتشدد واقعات میں اب تک 15 سکیورٹی اہلکار اور 65 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے قریب ایک قصبے سے 100 مسلح افراد گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ ملک بھر میں 2,500 سے زائد افراد حراست میں ہیں۔
ایرانی حکام نے بتایا ہے کہ ملک میں مسلسل تیسرے روز بھی انٹرنیٹ سروس بند ہے، جس کے باعث اطلاعات کی ترسیل شدید متاثر ہو رہی ہے۔