اسلام آباد: جی-11 کچہری کے باہر خودکش دھماکہ، 12 افراد شہید، متعدد زخمی
اسلام آباد کے جی-11 کچہری کے باہر بھارتی اسپانسرڈ اور افغان طالبان کی پراکسی گروپ فتنہ الخوارج کے مبینہ خودکش دھماکے میں 12 افراد موقع پر شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ کچہری کے باہر ہوا، جس سے آس پاس کھڑے لوگ متاثر ہوئے۔
ابتک کی رپورٹ کے مطابق کل 12 افراد کی ہلاکت اور 13 سے 14 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ مبینہ خودکش حملہ آور کا سر سڑک پر پڑا ہوا ملا۔
دھماکے کے فوری بعد پمز اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور زخمیوں کو ریسکیو 1122 اور دیگر ایمبولینسز کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیس کی گاڑیوں میں بھی زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کی بھاری نفری اور فورنزک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی، لیکن ناکام ہونے پر پولیس کی گاڑی کے پاس خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
زخمیوں میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد دھماکے میں12 لاشیں اور 21 زخمی افراد پمز اسپتال منتقل کیے جا چکے ہیں۔