بھارت کی شرٹس پر پاکستان کا نام، پی سی بی کی بڑی جیت

بھارت کی شرٹس پر پاکستان کا نام، پی سی بی کی بڑی جیت

بھارت کی شرٹس پر پاکستان کا نام، پی سی بی کی بڑی جیت

چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے آغاز سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھارتی ٹیم کے آفیشل فوٹو شوٹ کی تصاویر جاری کی ہیں، جن میں ویرات کوہلی اور روہت شرما نئی جرسی میں نظر آ رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی ٹیم کی نئی جرسی کے دائیں کونے پر چیمپیئنز ٹرافی کی برانڈنگ کے ساتھ پاکستان کا نام بھی میزبان ملک کے طور پر موجود ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کی گئی ان تصاویر نے کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کر لی، کیونکہ پہلے ایسی اطلاعات تھیں کہ بی سی سی آئی بھارتی ٹیم کی شرٹس پر پاکستان کا نام لکھنے کی اجازت نہیں دے گا۔ تاہم، بی سی سی آئی کے نئے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے تصدیق کی کہ بھارتی ٹیم آئی سی سی کے قوانین پر عمل کرے گی، جس کے مطابق کسی بھی ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی شرٹس پر میزبان ملک کا نام شامل کرنا لازمی ہوتا ہے۔

بھارت نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں سفید گیند کی کرکٹ کے لیے نئی جرسی متعارف کرائی تھی، مگر چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اس میں ایک نمایاں تبدیلی کی گئی ہے، جس میں اوپری دائیں کونے میں میزبان پاکستان کا نام درج ہے۔

چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد سے قبل بھارت کی جانب سے مختلف تنازعات کھڑے کیے جاتے رہے ہیں، جن میں پاکستانی سرزمین پر میچ کھیلنے سے انکار اور ہائبرڈ ماڈل پر اصرار شامل ہیں۔ اس تنازعے کی وجہ سے ایونٹ کے شیڈول کے اعلان میں تاخیر ہوئی اور بالآخر بھارت کے میچز دبئی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید برآں، بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ہونے والی ’کیپٹنز میٹنگ‘ میں بھی روہت شرما کی شرکت سے انکار کر دیا تھا، جس پر بی سی سی آئی کو کھیل کو سیاست کے زیر اثر لانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، اب بھارتی ٹیم کی شرٹس پر پاکستان کا نام موجود ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق کسی بھی ٹیم کے لیے اس فیصلے سے انحراف ممکن نہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں