رتن ٹاٹا نے نازیہ حسن سے فون پر کیا کہا تھا؟ زوہیب حسن نے بتادیا
انڈیا کے معروف صنعت کار آنجہانی رتن ٹاٹا سے متعلق ایک یادداشت پاکستان کے نامور گلوکار زوہیب حسن نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔انڈیا کے معروف صنعتکار رتن ٹاٹا 86 برس کی عمر میں گزشتہ روز ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے، جہاں وہ کچھ عرصے سے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل تھے۔پاکستان کی شہرت یافتہ بہن بھائیوں پر مبنی پاپ سنگر جوڑی نازیہ حسن اور زوہیب حسن کی عشروں قبل ہونے والی ایک ملاقات کا زوہیب حسن نے سوشل میڈیا پر تذکرہ کیا۔زوہیب حسن جوکہ مرحومہ نازیہ حسن کے بھائی ہیں نے بتایا کہ کافی برس قبل ان کی والدہ نے نازیہ حسن کو فون دیتے ہوئے کہا کہ تم دونوں کے لیے ایک صاحب، جن کا نام رتن ہے، نے کال کی ہے۔جس پر پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن نے ان سے بات کی اور رتن صاحب نے نازیہ حسن سے اپنا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ وہ ایک میوزک کمپنی سی بی ایس انڈیا کے نام سے شروع کرنے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وہ نازیہ اور میرا ایک البم ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں،
جس کے بعد ہم نے ان سے ملاقات کا وقت طے کرلیا، چند روز بعد وہ ہمارے گھر آئے، ہمیں اُس وقت تک اس بات کا اندازہ بھی نہیں تھا کہ وہ کون شخصیت ہیں۔رتن صاحب نے کہا کہ وہ اس حوالے سے معاہدے کیلیے کسی کو ہمارے پاس بھیجیں گے، جسکے بعد ہم نے ینگ ترنگ البم پروڈیوس کیا جو کہ غالباً بھارت اور جنوبی ایشیا میں پہلا میوزک ویڈیو تھا۔زوہیب حسن نے بتایا کہ ہم ممبئی کے تاج ہوٹل میں ان سے ملے تو ہمیں سی بی ایس کے ایم ڈی نے بتایا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ کون صاحب ہیں؟ تب تک ہمیں انکے بارے میں کچھ علم نہیں تھا۔