لاہور ،اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے
اسلام آباد َ لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور اسلام آباد،پشاور،سرگودھا،ملتان،گجرات،ایبٹ آباد شکرگڑھ ،لالہ موسیٰ اوکاڑہ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔زلزلے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کیوں آتے ہیں؟
زلزلے قدرتی آفت ہیں جنکے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ 3 بڑی پلیٹوں سے بنی ہے۔ پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے۔ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں۔ زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔ زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔ زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں ميں زیادہ ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔
پاکستان کا 2 تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جسکے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے۔ کوئٹہ سے پشاور، کراچی سے اسلام آباد،، مکران سے ایبٹ آباد اور گلگت سے چترال تک تمام شہر زلزلوں کی زد میں ہیں، جن میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقے حساس ترین شمار ہوتے ہیں۔ زلزلے کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا 5واں حساس ترین ملک ہے۔ پاکستان انڈین پلیٹ کی شمالی سرحد پر واقع ہے جہاں یہ یوریشین پلیٹ سے ملتی ہے۔ یوریشین پلیٹ کے دھنسنے اور انڈین پلیٹ کے آگے بڑھنے کا عمل لاکھوں سال سے جاری ہے۔ پاکستان کے 2 تہائی رقبے کے نیچے سے گزرنیوالی تمام فالٹ لائنز متحرک ہیں جہاں کم یا درمیانے درجہ کا زلزلہ وقفے وقفے سے آتا رہتا ہے۔