وزیراعظم سے آغا خان فنڈ فار ایکونومک ڈویلپمنٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرپرسن شہزادہ رحیم آغا خان کی ملاقات

وزیراعظم سے آغا خان فنڈ فار ایکونومک ڈویلپمنٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرپرسن شہزادہ رحیم آغا خان کی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آغا خان فنڈ فار ایکونومک ڈویلپمنٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرپرسن شہزادہ رحیم آغا خان نے پانچ رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہزادہ رحیم آغا خان کو حکومت پاکستان کی طرف سے نشان پاکستان ملنے پر مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے پاکستان کے کم ترقی یافتہ اور دور دراز علاقوں بالخصوص گلگت بلتستان اور چترال میں سماجی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبے قائم کرنے پر شہزادہ رحیم آغا خان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

اس موقع پرشہبازشریف نے کہاکہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹورک کا پاکستان میں تعلیم، صحت، توانائی، زراعت، سیاحت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے منصوبوں کا قیام قابل تحسین ہے۔وزیراعظم نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹورک کو سیاحت کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور کہاکہ ہنزہ میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے زیر اہتمام سافٹوئیر ٹیکنالوجی پارک اور شمسی توانائی کے پلانٹس کے قیام انتہائی قابل ستائش ہے۔وزیراعظم نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹورک کے زیر اہتمام گلگت میں حبیب بینک لمیٹڈ کے مائیکرو فائنانس بینکنگ مرکز کے قیام کو علاقے کی عوام کے لیے خوش آئند قرار دیا۔وزیراعظم نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹورک کو قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں حکومت پاکستان کے ساتھ اشتراک کی دعوت بھی دی۔

اپنا تبصرہ لکھیں