نوشہرہ:دارالعلوم حقانیہ کی مسجد میں دھماکہ،درجنوں افراد زخمی
نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں حقانیہ مدرسہ کے اندر دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق شدید زخمی ہیں۔سینٹرل پولیس آفس کے مطابق دھماکہ نماز جمعہ کے بعد پیش آیا، جبکہ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے، 6 ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں، زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ نوشہرہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ترجمان محمد عاصم کے مطابق دھماکے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) میں ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور طبی عملہ زخمیوں کے علاج کے لیے مکمل تیار ہے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کنڈی نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی اور مولانا حامد الحق سمیت دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے اس دھماکے کو اسلام اور پاکستان دشمن عناصر کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور ملی بھگت کا خمیازہ صوبہ کب تک بھگتے گا۔