مجھے کسی کا کوئی خط نہیں ملا،آرمی چیف
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ انہیں کسی کا کوئی خط موصول نہیں ہوا۔وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ اگر کوئی خط ملا تو وہ وزیراعظم کو بھجوا دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اسے آگے بڑھنا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جانب سے آرمی چیف کو تیسرا خط لکھے جانے کی خبر سامنے آئی تھی، جس میں مبینہ طور پر الیکشن فراڈ اور اقلیت کو اکثریت پر ترجیح دینے کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔قبل ازیں، عمران خان کی جانب سے آرمی چیف کو متعدد خطوط لکھے جا چکے ہیں جن میں بعض پالیسیوں پر نظرثانی کی درخواست کی گئی تھی، تاہم سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، آرمی چیف کو ایسا کوئی خط موصول نہیں ہوا اور نہ ہی اس میں کوئی دلچسپی لی گئی۔